پاکستان ، صحافیوں کے لئے دنیا کا سب سے خطر ناک ترین ملک بن گیا
پاکستان صحافیوں کیلئے تیسرا خطرناک ترین ملک بن گیا ہے ۔ پاکستان اکیسویں صدی میں صحافیوں کے لئے عراق اورفلپائن کے بعد تیسرا خطرناک ترین ملک بن گیا۔ دنیا میں مختلف پرتشدد واقعات میں مارے جانے والے ہر سوصحافیوں میں سے سات کا تعلق پاکستان سے ہوتا ہے۔
دنیا بھر میں صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے والی تنظیم کمیٹی آف پروٹیکٹ جرنلسٹس ‘(سی جے پی )کے جاری کردہ اعدادو شمارکے مطابق اکیسویں صدی کے ابتدائی دس سال اور پانچ ماہ میں دنیا بھر میں 458 صحافی پرتشدد واقعات میں لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ 148 کا تعلق عراق سے تھا۔ فلپائن کا نمبر دوسرا رہا جہاں 63 صحافی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پاکستان میں اب تک 34 صحافی مارے جا چکے ہیں۔صومالیہ کا نمبر چوتھا ہے جہاں اس عرصے کے دوران 23 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔ افغانستان پانچواں ملک ہے جہاں اب تک 20 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔ روس ، میکسیکو ، سری لنکا ، کولمبیا اور بھارت بالترتیب 19،16،15،14 اور11 صحافیوں کے ساتھ چھٹے ، ساتویں ، آٹھویں ، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔
سال دو ہزار پانچ کے بعد پاکستان میں صحافیوں کے قتل عام میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔ اس عرصے میں 27 لوگ اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران پرتشدد واقعات میں ہلاک ہوئے۔
31 مئی کو صحافی سلیم شہزاد کے قتل کے بعد رواں سال پاکستان میں قتل ہونے والے صحافیوں کی تعداد تین ہو چکی ہے جو دنیا میں دوسری بڑی تعداد ہے۔پہلے نمبر پر لیبیا ہے جہاں اب تک پانچ صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں 2010 خطرناک ترین ثابت ہوا۔ اس سال سب سے زیادہ آٹھ صحافی قتل ہوئے۔
سن 2001ء سے31مئی 2011ء تک کا جائزہ
مئی دو ہزار گیارہ تک دنیا بھر میں اٹھارہ صحافی قتل ہو چکے ہیں جن میں سے تین کا تعلق پاکستان سے ہے۔
2011 میں مجموعی طور پر 44 مقتول صحافیوں سے دس کا تعلق پاکستان سے تھا۔
2009میں مجموعی طور پر72 صحافی ہلاک ہوئے جن میں چار پاکستانی تھے۔
2008 میں 42 صحافی ہلاک ہوئے ان میں سے پانچ پاکستان میں تھے۔
2007 میں 69 صحافی قتل ہوئے۔ان میں پانچ پاکستانی تھے۔
2006 میں 57 صحافی لقمہ اجل بنے جن میں تین پاکستانی تھے۔
2005 میں مرنے والے 48 صحافیوں میں سے دو کا تعلق پاکستان سے تھا۔
2004 میں مارے جانے والے 8 میں سے ایک صحافی پاکستانی تھا۔
2003 میں دنیا بھر میں 42 صحافی مارے گئے جن میں ایک پاکستانی بھی شامل تھا۔
2002میں 21 صحافی مارے گئے جن میں سے دو کا تعلق پاکستان سے تھا۔