پی آئی اے کے چار بوئنگ طیارے صرف دو کروڑ روپے میں فروخت
سکریپ قرار دیئے گئے پی آئی اے کے سات طیاروں میں سے کباڑیوں نے صرف چار ہی میں دلچسپی لی، باقی تین طیاروں کی بولی کامیاب نہیں ہوسکی۔ کراچی میں ہونے والی طیاروں کی نیلامی میں نو کمپنیوں نے حصہ لیا جن میں ایک نجی ایرلائن بھی شامل تھی ۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق کباڑیوں نے ایئربس کمپنی کے مقابلے میں بوئنگ کمپنی کے طیاروں میں زیادہ دلچسپی لی ۔ فاطمہ گیسولین نام کمپنی نے ایک بوئنگ 747 اور تین بوئنگ 737 طیاروں کیلئے سب سے زیادہ بولی دی ۔ بولی کی 25 فیصد رقم ادا کرنے پر طیارے کامیاب بولی دینے والی کمپنی کے حوالے کردیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ چاروں بوئنگ طیارے تقریباً دو کروڑ روپے میں فروخت ہوئے ہیں ۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق کباڑ قرار دیئے گئے تین ایئربس اے 310طیاروں کی فروخت بولی مقرہ ہدف سے کم ہونے کی بنا پر روک دی گئی ۔ پی آئی اے ترجمان کے مطابق کباڑ قرار دیئے گئے طیارے ماضی کے مقابلے میں زیادہ قیمت پر فروخت ہوئے ہیں ۔
کراچی/عمار علی ، نمائندہ فیکٹ