جنوبی پنجاب میں 12 دینی مدارس عسکریت پسندوں کے سہولت کار
باخبر ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پنجاب میں کام کرنے والے 12 دینی مدارس اور 8 این جی اوز کو ’’گرے‘‘ قرار دے دیا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق ’’را‘‘ کے کچھ سلیپرز جنوبی پنجاب میں ہیں اور وہ فرقہ واریت پھیلانے کے لئے منافرت انگیز مواد تقسیم کر رہے ہیں۔ مذہب کی آڑ میں تخریبی سرگرمیوں کے لیے مختلف حربے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ 12 مدارس سکیورٹی فورسز سے لڑنے والے عسکریت پسند گروپوں کے سہولت کار ہیں جبکہ 8 این جی اوز اپنے چارٹر کے منافی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی ہیں۔ یہ این جی اوز اور مدارس جنوبی پنجاب میں ہیں۔ ان مدارس اور این جی اوز کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔ سکیورٹی سروسز ان سلیپر نیٹ ورکس کی نگرانی کر رہی ہیں جن کے اندرون سندھ اور کراچی میں بھی ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کا کہنا ہے وہ سکیورٹی سروسز کی جانب سے ’’گرے‘‘ قرار دیئے جانے والے مدارس اور این جی اوز کی تعداد نہیں بتا سکتے مگر ’’ہاں‘‘ کی رپورٹس اسلام آباد میں جوائنٹ سکیورٹی حکام کو بھیجی ہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں را کی سرگرمیوں کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضرب عضب جیسے آپریشن کی ضرورت نہیں دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کارروائیاں کی گئی ہیں۔