فخر امام اور عابدہ حسین کا بیٹا طالبہ کو جنسی ہراساں کرنے کا مجرم قرار
لمز یونیورسٹی میں لیکچر عابد حسین نے طالبہ کے ساتھ شرمناک حرکت کی ، معاملہ دبا دیا گیا, نوکری سے بر طرفی کا حکم
لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ قانون کے استاد عابد حسین امام کو ایک طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔ عابد حسین امام ملک کے مشہور سیاستدان جوڑے سیدہ عابدہ حسین اور سید فخر امام کے بیٹے ہیں اور LUMS یونیورسٹی کے شیخ احمد حسین سکول آف لاء4 میں بطور استاد فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید بابر علی کے بھی قریبی عزیز ہیں۔ یونیورسٹی کی ایک طالبہ کی طرف سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ عابد حسین نے غیر مناسب کلمات کہتے ہوئے ان کے کندھے کو چھوا تھا۔ طالبہ کی شکایت پر یونیورسٹی انتظامیہ نے کارروائی کی لیکن اس کا نتیجہ صرف یہ نکلا کہ ملزم کے رویے کو ایک استاد کی شان کے منافی قرار دے کر معاملہ ختم کردیا گیا۔ بعدازاں یہ معاملہ وفاقی محتسب کے متعلقہ شعبے کے سامنے پیش کیا گیا جس پر فیڈرل امبڈسمن سیکرٹریٹ فار پروٹیکشن اگینسٹ ہریسمنٹ آف ویمن نے یونیورسٹی کے فیصلے کو رد کرتے ہوئے ملزم کو ملازمت سے برخاست کرنے کا حکم صادر کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استاد کے اپنے بیان اور یونیورسٹی کی انکوائری سے ثابت ہے کہ وہ طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے مرتکب ہوئے اور یونیورسٹی کو حکم دیا گیا ہے کہ انہیں برخاست کرنے کے فیصلہ پر مکمل طور پر عمل کیا جائے۔
لاہور : رپورٹنگ ڈیسک