گلو بٹ کے اہل خانہ بیرون ملک سیاسی پناہ حاصل کرنے کیلئے سرگرم
سانحہ ماڈل ٹاؤن سے شہرت پانے والے شاہد عزیز عرف گلو بٹ کے اہل خانہ ان دنوں بیرون ملک سیاسی پناہ حاصل کرنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں ۔ اس وقت عوام کے شدید ردعمل کے پیش نظر گلو بٹ کے اہل خانہ لاہور سے باہر اپنے ایک رشتہ دار کے ہاں مقیم ہیں ۔ گلوبٹ اور ان کے اہل خانہ کو بیرون ملک سیاسی پناہ کا مشورہ حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کے ایک سرکردی سیاست دان نے دیا جس پر گلو بٹ کے اہل خانہ نے مختلف ممالک میں سیاسی پناہ کے لئے درخواستیں دینا شروع کر دیں جبکہ کچھ افراد نے بیرون ملک دورے بھی کئے ۔ تاہم گلو بٹ کی ویڈیوز کی وجہ سے کسی بھی یورپی ملک نے حکومتی سیاست دانوں کے دباؤ کے باوجود انہیں سیاسی پناہ دینے کے لئے حامی نہیں بھری ۔
یاد رہے کہ حکومت اور پولیس نے گلو بٹ اور اس کے اہل خانہ کی سکونت کو خفیہ رکھا ہوا ہے تاکہ عوام انہیں نقصان نہ پہنچا سکیں ۔گلو بٹ لاہور ہائی کورٹ سے رہائی کے عد لاہور میں اپنے ایک رشتہ دار کے گھر گیا اور اس کے بعد اہل خانہ کو ملنے لاہور سے باہر چلا گیا ۔
گلو بٹ کے کچھ قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ گلو بٹ کے کچھ رشتہ دار اور مسلم لیگ نواز کے کچھ لوگ اسے سیاست میں لانے کے لئے بضدہیں تاہم باہمی مشورے کے بعد سب اس بات پر متفق ہیں کہ فی الحال وقت مناسب نہیں ہے اور جیسے ہی وقت آیا تو گلو بٹ کو سیاست میں ’’ لانچ ‘‘ کیا جائے گا۔
رپورٹ: وسیم شیخ