پی ٹی اے کی انٹرنیٹ کنٹرول کرنے کیلیے نئے نظام کی تیاریاں
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے ملک میں انٹرنیٹ کنٹرول اور مانیٹر کرنے کیلیے نئے نظام کی تیاریاں شروع کر دیں ۔ پی ٹی اے نے نئے نظام کی تنصیب سے پہلے خفیہ ایجنسیوں ، فوجی اداروں ، وزارت داخلہ اور این ٹی ایس سی سے مشاورت شروع کر دی ، مجوزہ نظام کے تحت پی ٹی اے انٹرنیٹ کو کنٹرول اور بلاک کر سکے گا۔ پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق پی ٹی اے نے ویب سائیٹس اور ریگولیٹری مانیٹرنگ سسٹم خریدنے کیلیے پی سی ون تیار کر لیا ہے جس کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے منظوری دینے سے انکار کرتے ہوئے کابینہ ڈویڑن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق انٹرنیٹ پر سرگرمیاں کنٹرول اور مانیٹر کرنے کیلیے نیا نظام چین سے خریداجارہاہے جس سے ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل طور پر کنٹرول کیا جاسکے گا اور پی ٹی اے کی مرضی کے خلاف کوئی بھی سرگرمی انٹرنیٹ پر نہیں ہو سکے گی۔ ذرائع کے مطابق سسٹم کے تحت ایک سنیٹرل پوائنٹ قائم کیا جائے گا جس سے انٹرنیٹ کی تمام ٹریفک گزر کر جائے گی۔