اٹامک انرجی کمیشن:امتحان میں فیل ملازمین کی اگلے گروپ میں ترقی
فیکٹ رپورٹ
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے 2008ء میں محکمانہ ترقی کا امتحان پاس کرنے والے تقریباً ڈیڑھ سو فنی ملازمین 3سال گذرنے کے باوجود ترقیوں سے محروم ہیں ‘ بااثر اور من پسند اہلکاروں نے میرٹ اور سروس اسٹرکچر رول کو نظر انداز کرتے ہوئے اگلے گروپ میں ترقیاں حاصل کرلیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے فنی ملازمین کے لیے سال2008ء میں محکمانہ ترقی کے لیے امتحان منعقد کیاتھاجس میں تقریبا ڈیڑھ ہزار امیدواروں نے حصہ لیااور250کامیاب قرار پائے۔ 2009ء میں انٹرویوز کے بعد150 ملازمین کامیاب قرار دیے گئے تھے لیکن ان ملازمین کو اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود ترقی نہیں دی گئی جبکہ 2007ء کے امتحان میں فیل شدہ اور دیگر من پسند افراد کو اگلے گروپ میں ترقی دیدی گئی ہے ۔ اس مقصد کے لیے نہ صرف میرٹ اور سروس اسٹرکچر رول کو یکسر نظر انداز کیا گیا بلکہ پالیسی بھی تبدیل کر دی گئی یہے۔ ترقیوں سے محروم ملازمین نے صدر اور وزیراعظم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔