شریف فیملی کیخلاف احتساب کا شکنجہ،سیف الرحمان حکومت کےمددگار
سٹاف رپورٹ
وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے گرد احتساب کا شکنجہ کسنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے مختلف سطح پر تیاریاں اور اس کے لئے تفصیلات اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع ہے‘ معلوم ہوا ہے کہ نوازشریف کے سابقہ دور میں احتساب بیورو کے چیئرمین سیف الرحمن اس ضمن میں حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔چند دن قبل سیف الرحمن کی اہلیہ قطر سے وفاقی دارالحکومت آئیں جہاں چک شہزاد میں ان کے زرعی فارم پر گذشتہ روز شام کو ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کا یہ دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ مسز سیف الرحمن نے مذکورہ حکومتی شخصیت کو کچھ کاغذات فراہم کئے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کاغذات کا تعلق مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف مقدمات کی تیاری سے ہے۔ دوسری جانب ایک حکومتی ذرائع نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف کسی قسم کے احتساب یا مقدمات کے حوالہ سے اطلاعات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ایسی روایات قائم نہیں کرنا چاہتی جو آنے والے کل میں خود ان کے لئے یا حکومتی سسٹم کے لئے خطرہ کا باعث بنے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اگر احتساب کا شوق پورا کرنا چاہتی ہے تو کرے لے یہ کام بڑے پیمانے پر جنرل پرویز مشرف اور ان کی حکومت نے بھی کیا تھا لیکن وہ شریف خاندان کے خلاف نہ تو کرپشن کا کوئی کیس ثابت کر سکی اور نہ ہی ان مقدمات کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کئے جا سکے۔