فرانسیسی دہشت گردوں کا تعلق بین الاقوامی نیٹ ورک سے ہے
پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں نے دہشت گردوں کے عالمی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے دوفرانسیسی دہشت گردوں کولاہورایئرپورٹ سے گرفتارکرلیاہے ۔ ’’ فیکٹ ‘‘کوپاکستانی سکیورٹی اہلکاروں نے حوالے سے بتایاہے کہ ملزمان کا تعلق بالی دھماکوں میں ملوث گروپ سے ہے، فرانسیسی انٹیلی جنس سے تعلق رکھنے والے دوذرائع نے بھی گرفتاری کی تصدیق کی ہے،گزشتہ ماہ پاکستان نے بالی دھماکوں کے مبینہ منصوبہ سازعمرپٹیک کوبھی گرفتارکیاتھا۔ ادھر اسلام آبادمیں فرانسیسی سفارتخانے نے بتایاہے کہ فرانسیسی حکومت نے پاکستان سے اپنے دونوں گرفتارشہریوں سے ملاقات کی اجازت مانگی ہے۔ فرانسیسی شہریوں کی گرفتاری لاہور سے عمل میں آئی ہے،یہ دونوں افرادبیرون ملک سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے اورانہیں لینے کیلئے علی طاہر نامی شخص آیاتھا ۔ ذرائع کے مطابق دونوں افرادکے ساتھ اسے بھی گرفتارکرلیاگیاہے ،علی طاہر کاتعلق بھی شدت پسند تنظیم سے بتایاجارہاہے۔ انٹیلی جنس ادارے اس ضمن میں مزید تفتیش کر رہے ہیں ۔ اس حوالے سے لاہور اور اس کے گرد ونواح سے مزید گرفتاریوں کی بھی اطلاع ہے۔تاہم پولیس اور ایجنسیاں اس ضمن میں کسی بھی گرفتاری کی تردید کر رہی ہیں اور وہ کچھ بھی بتانے کو تیار نہیں ہیں ۔