پنجاب میں دو ماہ اہم ، بڑی دہشت گردی کی کا خدشہ
حکومت پنجاب نے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے جی ایچ کیو راولپنڈی سے 14دسمبر کے لئے ایم ون 17ہیلی کاپٹر مانگ لیا۔چہلم کے موقع پر پنجاب میں پاک فوج کی 51کمپنیاں اور رینجرز کی 35کمپنیوں کوبلایا جائیگا۔ دہشت گردی خدشات کے پیش نظر وزارت داخلہ اسلام آباد کی جانب سے پنجاب کے متعلقہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کوآگاہ کر دیا گیاہے۔ دہشت گردی خدشات کے پیش نظرسید وجاہت عرفان ہمدانی ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ونگ محکمہ داخلہ نے جی ایچ کیو کو لیٹر لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہیلی کاپٹر کی خدمات دی جائیں۔ شدت پسندوں کی دھمکیوں کے بعد شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی جبکہ اعلیٰ سیاسی شخصیات ،بیورو کریٹس اورپولیس افسران کی سکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق شہر میں خود کش بمبار موجود ہیں جو کسی بھی وقت دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرسکتے ہیں ،حساس مقامات ،ریلوے سٹیشن ،لاری اڈوں ،ائیر پورٹ ،سرکاری دفاتر ،عبادت گاہوں پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ، حالیہ دہشت گردی واہگہ بارڈر کے بعد پولیس اور حساس اداروں کی ٹیم نے مشترکہ آپریشن کے دوران شہر سے متعدد مشتبہ افرادکو گرفتار کیا ،گرفتار ہونے والوں میں اکثریت افغان باشندوں کی ہے جو جعلی شناختی کارڈزاور جعلی دستاویزات کے ساتھ مختلف جگہوں انار کلی ،مناواں ،ہنجروال افغان بستی ،شیرا کوٹ بابو صابو ،بادامی باغ اور شاہدرہ ٹاؤن کے علاقوں میں رہائش پذیر تھے۔