ملک بھر میں بلدیاتی الیکشن خطرے میں پڑنے کا خدشہ
مردم شماری کے انعقاد کے امکانات 2015ء میں بھی معدوم ہوگئے۔ مشترکہ مفاداتی کونسل سے تاحال منظوری نہ ہونے کے بعد تنظیم مردم شماری نے ملک میں مردم شماری کیلئے کم از کم ایک سال کا عرصہ حکومت سے مانگ لیا۔ مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کا انعقاد بھی خطرے میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان خطے کا شاید واحد ملک ہو جہاں گزشتہ 16 سالوں میں آبادی کی کل تعداد معلوم کرنے کیلئے مردم شماری نہ کی گئی۔ تنظیم مردم شماری نے کہا ہے کہ ملک میں بعض علاقے ایسے ہیں جہاں جب تک سکیورٹی بالکل ہی فول پروف نہ ہوجائے وہاں مردم شماری نہیں ہوسکتی۔ پولیو کے قطرے پلانے کے معاملات بھی سکیورٹی کی خراب صورتحال کے پیش نظر نامکمل رہ جاتے ہیں۔ نئی مردم شماری پر ہی نئی حلقہ بندیاں ہو سکیں گی، مردم شماری کے نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ برس بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بھی مشکل ہو گیا۔
لاہور: وسیم شیخ