Published On: Thu, Aug 28th, 2014

سابق وزیرکا تیل تلاش کرنیوالی کمپنی سے چارلاکھ ڈالرکا بھتہ

Share This
Tags
یار محمد رند نے سالانہ بھتہ نہ دینے پر پولینڈ کی کمپنی آئرش کا کام بند کروانے اور عملے کو اغوا کی دھمکی دی
رپورٹ:شمس کیریو
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی یار محمد رند نے دادو میں تیل و گیس تلاش کرنے والی پولینڈ کی کمپنی سے4کروڑ روپے بھتہ مانگ لیا اور نہ دینے کی صورت میں کمپنی کے عملے کو اغوا کرنے کی بھی دھمکی دی ہے، پولینڈ کمپنی کے سندھ میں انچارج زیورچ کو لانے محکمہ داخلہ سندھ کو معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولینڈ کی کمپنی آئرش کیرتھر دادو کے علاقے میں تیل اور گیس نکالنے کے لیے گزشتہ ایک سال سے کام کر رہی ہے، جس کے لیے25 سے زائد انجینئر اور دیگر عملہ کام کر رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولینڈ کی کمپنی کو با اثر شخصیت اور سابق رکن قومی اسمبلی یار محمد رند نے دھمکی دی ہے کہ انہیں سالانہ4لاکھ ڈالر (4کروڑ روپے) ادا کئے جائیں ورنہ وہ محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ یار محمد رند نے کمپنی کے عملے کو دھمکی دی ہے کہ پیسے نہ دینے کی صورت میں انہیں اغوا کرا دیں گے اور کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔کمپنی کے سندھ میں انچارج زیورچ کو لانے محکمہ داخلہ سندھ کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کمپنی کے25 رکنی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع نے بایا کہ محکمہ داخلہ نے آئرش کمپنی کے عملدار کی درخواست موصول ہونے پر کمشنر حیدر آباد، ڈی آئی جی اور دادو ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ کمپنی کے عملے کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ دادو کے علاقے کیرتھر میں یار محمد رند کیخلاف مختلف جرائم کی سرپرستی کی شکایات ہیں، لیکن بااثر ہونے کی وجہ سے مقامی پولیس ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتی، تاہم محکمہ داخلہ نے مقامی انتظامیہ کو یار محمد رند کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

yar-mnuhammad-rind

Leave a comment