دوبئی، تین پاکستانی دہشتگروں کی گرفتاری کیلئےکوششیں
دبئی،ابوظہبی اور شارجہ میں موجود بعض پاکستانی تاجران دہشت گردوں کو مالی تعاون فراہم کررہے ہیں
دبئی میں روپوش متحدہ قومی موومنٹ کے 3خطرناک دہشت گردوں وسیم باس، امتیاز کمانڈو اور سعید بھرم کی گرفتاری کیلئے پاکستانی تحقیقاتی اداروں نے دبئی میں اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ متحدہ کے تینوں دہشت گردبھارتی خفیہ ایجنسی ”را“کے تربیت یافتہ ہیں۔ ان دہشت گردوں کے حوالے سے دبئی سے گرفتار بدنام دہشت گرد کاشف ڈیوڈ نے اہم انکشافات کئے ہیں۔ دبئی میں مذکورہ دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والے 4پاکستانی تاجروں کا بھی سراغ لگالیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دبئی میں ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ کے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ادارے کی ایک ٹیم دبئی میں موجود ہے۔ جو دبئی گورنمنٹ کے ساتھ مل کر متحدہ کے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو تلاش کرکے انہیں گرفتار کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں ہوم ورک مکمل کرلیا گیاہے اور متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام کے تعاون سے ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ اس وقت دبئی میں متحدہ کے جن 3انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ان میں نیوکراچی سیکٹر سے تعلق رکھنے والا دہشت وسیم باس اور نچھوڑ لائن سیکٹر کا دہشت گرد سعید بھرم شامل ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی اداروں نے چند ماہ قبل دبئی سی آئی ڈی کے ساتھ مل کر متحدہ اور نگی ٹاؤن سیکٹر کے بدنام دہشت گرد کاشف ڈیوڈ کو گرفتار کیا تھا، جس سے تفتیش کی روشنی میں انکشاف ہوا تھا کہ متحدہ کی لندن قیادت بھارت سے تربیت یافتہ متحدہ کے 3اہم دشت گردوں سعید بھرم، امتیاز کمانڈو اور وسیم باس کے ذریعے کراچی میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلارہی ہے۔ اس حوالے سے کاشف ڈیوڈ نے بتایا تھا کہ دبئی،ابوظہبی اور شارجہ میں موجود بعض پاکستانی تاجران دہشت گردوں کو مالی تعاون فراہم کررہے ہیں۔ذریعے کا کہنا ہے کہ مذکورہ دہشت گرد اس وقت بھی دبئی میں بیٹھ کر کراچی میں اپنے بعض ساتھیوں سے رابطے میں ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ نیو کراچی سیکٹر سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد امتیاز کمانڈو کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا تربیت یافتہ ہے اور کراچی میں گزشتہ 7برس سے ٹارگٹ کلرز کی ایک ٹیم کو دبئی سے کنٹرول کررہا ہے۔ ذریعے کے بقول امتیاز کمانڈو کا متحدہ کی لندن میں موجود ہائی کمان سے براہ راست رابطہ میں ہے۔اس کے نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد جنوبی افریقہ اور ملائیشیا میں بھی روپوش ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امتیاز کمانڈو کراچی میں 50سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہاہے،جب کہ متحدہ لیاقت آباد سیکٹر سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد وسیم باس کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ رنچھوڑ لائن سیکٹر کے بدنام دہشت گرد سعید بھرم کے ساتھ مل کر کراچی میں اپنا نیٹ ورک چلاتارہا ہے۔پاکستانی تحقیقاتی اداروں نے دبئی حکام کی مدد سے متحدہ کے تینوں دہشت گردوں کے سفری کوائف بھی حاصل کرلئے ہیں،جبکہ دبئی کے تمام ائیرپورٹس پر بھی ان کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں،کیونکہ کاشف ڈیوڈ نے بتایا تھا کہ متحدہ کے تینوں دہشت گرد دبئی سے ملائیشیا یا پھر نیپال فرار ہوسکتے ہیں،جبکہ امتیاز کمانڈو دبئی سے متعدد بار نیپال بھی جاچکا ہے۔
فیکٹ رپورٹ