Published On: Mon, Jun 8th, 2015

متحدہ مسلم لیگ کیلئے کوششیں تیز،عید کے بعد اتحاد کا اعلان

Share This
Tags
متحدہ مسلم لیگ کے قیام کی کوششیں پھر تیز ہوگئی ہیں۔ قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر حامد ناصر چٹھہ، ن لیگ کے سینیٹر ذوالفقار کھوسہ، سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) ghouse aliسید غوث علی شاہ اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ عید کے بعد عبوری اتحاد کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس حوالے سے مشاورت مکمل کی جا چکی ہے ۔ خیبر سے بولان تک لیگیوں سے رابطے ہیں۔اور لوگ بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔جسٹس (ر) سید غوث علی شاہ کے گھر پر ظہرانےپر ’’ فیکٹ ‘‘ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ نئے اتحاد کی قیادت کے حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔ وقت آنے پر اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ قیادت کسی مقبول شخصیت کے ہاتھ میں ہوگی۔ حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ نئے انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے ، مگر خیر، صورت حال تبدیل ہونے میں وقت نہیں لگتا۔ نئے اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے بڑے نام ہیں۔ اتحاد نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ نوازشریف نے 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا، دو سال ہوچکے ہیں اور لوڈ شیڈنگ برقرار ہے ۔ اب انہوں نے 2018 میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی بات کی ہے ۔ آصف علی زرداری کو چوراہے پر لٹکانے کی باتیں کرنیوالوں نے پیپلز پارٹی سے مک مکا کرلیا ہے۔ سندھ میں گورنر کا عہدہ نواز شریف کسے دینگے ، کچھ معلوم نہیں۔ ہاں، انہوں نے آسرا بہت سے لوگوں کو دیا ہوگا۔ جسٹس (ر) سید غوث علی شاہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے آئندہ اجلاس سندھ میں ہو، مگر خیر ضرورت کے مطابق لاہور یا کہیں اور بھی اجلاس ہو سکتا ہے ۔ دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے لوگ بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔

فیکٹ رپورٹ

Leave a comment