پنجاب میں سکیورٹی اداروں کی کمان آئی ایس آئی کے حوالے
پنجاب میں سکیورٹی کے شدید خطرات اور دہشت گرد حملوں کے پیش نظر مختلف سکیورٹی اداروں پر مشتمل ایک خصوصی ونگ قائم کردیا گیا ہے جس کے سربراہ آئی ایس آئی پنجاب کے سیکٹر کمانڈر ہوں گے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردوں کو دی جانے والی پھانسیوں کے بعد تحریک طالبان کی طرف سے شدید ردعمل سے نمٹنے کے لیے ایک Integrated security apparatus قائم کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عملاً آئی ایس آئی کو تمام سکیورٹی اداروں کی کمان سونپی گئی ہے جبکہ یہ اقدام پہلے کبھی فوجی ادوار میں بھی نہیں کیا گیا۔ اس اقدام سے اندازہ ہوتا ہے کہ سکیورٹی کے کتنے غیرمعمولی خطرات موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد سے حکومت کے اخراجات میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے اس فوجی ونگ نے صوبہ بھر میں آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیموں کے کئی سرکردہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے اس آپریشن میں پنجاب پولیس ان کی مدد دے رہی ہے۔
لاہور/رپورٹنگ ڈیسک