Published On: Wed, Aug 17th, 2011

وزارت خارجہ بھی کرپشن سے محفوظ نہیں رہا، کروڑوں کی بے ضابطگیاں

Share This
Tags
وزارت خارجہ کے حسابات کی جانچ پڑتال سے متعلق آڈٹ رپورٹ2010-11ء میں دفتر خارجہ کے ہائی سکیورٹی بلاک کی تعمیر میں سنگین نوعیت کی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حسابات کی جانچ پڑتال کے نتیجہ میں پاکستان کے مختلف سفارت خانوں کی جانب سے نامعلوم افرا دکے نام فضائی ٹکٹوں وڈیلی الاؤنسز کی مد میں5لاکھ18ہزار ڈالر سے زائد رقم کی خورد برد کا انکشاف بھی ہو اہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے ہائی سیکیورٹی بلاک کی تعمیر میں تاخیر پر نقصان کی مد معاہدے کے تحت تعمیراتی کمپنی سے 2کروڑ 34لاکھ روپے وصول کئے جانے تھے جس میں وزارت ناکام رہی ۔ تعمیراتی کمپنی کو ہائی سیکیورٹی بلاک کی تعمیر کے لئے23کروڑ44لاکھ22ہزار روپے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ معاہدے کے تحت متذکرہ بلاک نے مارچ2007ء میں مکمل ہونا تھاجس میں کمپنی ناکام رہی۔ آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہائی سیکیورٹی بلاک کی تعمیر کے حواے سے تعمیراتی کمپنی سے پانی اور بجلی کے واجبات کی مد میں بھی 60لاکھ روپے سے زائد وصول نہ کئے جاسکے۔سی ڈی اے کی ہدایت کے باوجود اس رقم کی بھی ایک ماہ میں ریکوری نہ ہونے پر پی اے سی کو یہ رقم وصول کرنے کے بارے میں حکم جاری کرنے کی سفارش کی گئی۔ آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ متذکرہ بلاک کی تعمیر کے حوالے سے تعمیراتی کمپنی کو پیمائش بلک میں کاموں کے اندراج کے بغیر14کروڑ52لاکھ 30ہزار روپے کی ادائیگی کی گئی۔سی ڈی اے نے اس بارے میں نیسپاک کو کاموں کی دو ماہ میں پیمائش کی ہدایت کی تھی۔ پی اے سی کو اس بارے میں بھی حکم جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ آڈیٹر جنرل نے مختلف سفارتخانوں کی جاب سے فضائی ٹکٹوں اور ڈیلی الاؤنسز کی مد میں 51لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم خرد برد کرنے کے معاملے کی دو ماہ میں تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد/ وسیم شیخ

Leave a comment