سینیٹ الیکشن: پیپلز پارٹی ق لیگ کو7نشستیں دینے پر آمادہ
اسلام آباد/سٹاف رپورٹ
سینیٹ انتخابات کے لیے مسلم لیگ(ق )اور پیپلزپارٹی کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی کوششیں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ پیپلزپارٹی ق لیگ کو 7نشستیں دینے پر آمادہ ہوگئی ہے مگر ق لیگ نے 11 نشستوں کا مطالبہ کیا ہے۔مسلم لیگ (ق) نے وفاق سے ایک‘پنجاب سی3 ‘ بلوچستان سی5 اور سندھ اور خیبر پختونخوا سے ایک ایک نشست مانگی ہے۔ سینیٹ انتخابات کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ پیر کو دونوں جماعتوں کی قیادت کرے گی۔مسلم لیگ(ق) نے اسلام آباد سے وسیم سجاد‘ پنجاب سے مشاہد حسین سید کامل علی آغا او رمصطفی ملک جبکہ سندھ سے حلیم عادل شیخ کے لیے سینیٹ کی نشستیں مانگی ہیں۔ق لیگ نے خیبر پختونخوا سے بھی ایک نشست دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ارکان اسمبلی کی تعداد کم ہونے کے باعث وہاں سے سیٹ ملنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ واضح رہے کہ 2 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں سب سے زیادہ نقصان مسلم لیگ (ق) کو ہو رہا ہے۔ اس جماعت کے 21میں سی20 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے صرف (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین مزید3 سال کے لیے سینیٹر رہیں گے۔ (ق) لیگ کے ریٹائر ہونے والے سینیٹرز میں سب سے سینئر وسیم سجاد ہیں جو کہ 1985ء سے مسلسل رکن سینیٹ منتخب ہوتے چلے آرہے ہیں۔