Published On: Tue, Oct 25th, 2011

وکی لیکس مالی مشکلات کا شکار‘انکشافات کا سلسلہ بند کرنے کا اعلان

Share This
Tags
لندن /سٹاف رپورٹ
عراق اور افغان جنگ کے حوالے سے خفیہ امریکی سفارتی راز افشاں کرنے والی وکی لیکس نے مالی مشکلات کی وجہ سے مزید دستاویزات کی اشاعت بند کرنے کا اعلان کردیا۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید سفارتی دستاویزات کی اشاعت کے بجائے مالی مشکلات دور کرنے اور فنڈز اکٹھے کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کا کہنا ہے کہ امریکی مالیاتی اداروں نے ان کا معاشی گھیراو کر لیا ہے اور نہ صرف بینک آف امریکا بلکہ ویزا ماسٹر کارڈ‘ پے پال اور ویسٹرن یونین نے بھی وکی لیکس پر پابندیاں لگا رکھی ہیں جس کی وجہ سے ہماری 95 فیصد ذرائع آمدن کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ وکی لیکس ادارے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ ایس لینڈ ڈنمارک‘ برطانیہ ‘ برسلز ‘ امریکا اور آسٹریلیا میں ان مالی پابندیوں کیخلاف مقدمات چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ یورپی کمیشن کے پاس بھی شکایت درج کی گئی ہے جس میں تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ ویزا اور ماسٹر کارڈکے اس غیر قانونی اور بلاجواز اقدامات پرا ن کا مواخذہ کیا جا سکے۔

Leave a comment