Published On: Tue, Oct 11th, 2011

یہ ہے پاکستان ! ایس ایچ او کی تعیناتی کا تنازع:منظور وسان ایوان صدر پہنچ گئے

Share This
Tags
کراچی/رپورٹ:شاہد انجم
وزیرداخلہ سندھ منظور وسان اور کراچی پولیس کے سربراہ سعود مرزا کے درمیان ایس ایچ اوز کی تعیناتی کا تنازع شدت اختیار کر گیا‘منظور وسان سعود مرزا کو تبدیل کرانے کیلئے صدر کے پاس جا پہنچے۔7اکتوبر کو محکمہ داخلہ سندھ میں کراچی کی امن و امان کی صورتحال پر غور کیلئے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان اور ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو اب ایک باقاعدہ تنازع کی صورت اختیار کرگئی ہے۔ذرائع کے مطابق منظور وسان اپنے بھانجے اور ایس ایچ او ائر پورٹ نور محمد وسان کوایف آئی اے ایمگریشن میں تعینات کرانے میں ناکامی پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک سے سخت ناراض تھے اور یہ معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ سعود مرزا نے کراچی کی72تھانیدار منظور وسان کی سفارش پر تعینات کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سعود مرزا نے منظور وسان کو بتایا کہ 2اکتوبر کو گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں ان پولیس افسران کا امتحان لیا گیا تھا جو ایس ایچ او کی تعیناتی کے خواہش مند ہیں۔جس پر منظور سیخ پا ہو گئے اور انہوں نے سعود مرزا پر چلانا شروع کردیا۔اگلے روز منظور وسان صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کیلئے اسلام آباد چلے گئے جہاں انہوں نے صدر کو بتایا کہ سعود مرزا نے کراچی پولیس میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انہیں فوری عہدے سے ہٹا کر ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی غلام شبیر شیخ کو ایڈیشنل آئی کی کراچی تعینات کیا جائے۔تاہم وفاقی وزیر داخلہ نے گزشتہ ہفتے کراچی کے مختصر دورے کے دوران ایک تقریب میں سعود مرزا کو ایماندار اور فرض شناس افسر قرار دیتے ہوئے ان کے کیلئے تمغہ شجاعت کی بھی سفارش کی تھی،دریں اثناء سعود مرزا کے تبادلے کے حوالے سے گردش کرنے والی اطلاعات کے بعد کراچی پولیس کے افسران میں بے چینی پائی جاتی ہے جو کراچی میں ایک بار پھر بد امنی اور خون ریزی کا باعث بن سکتی ہے۔

Leave a comment