Published On: Fri, Aug 12th, 2011

سرفراز شاہ کیس:قاتل انجام کو پہنچ گیا،رینجرزاہلکارکوسزائے موت

Share This
Tags

کراچی ( کورٹ رپورٹر) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رینجرز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان سرفراز شاہ کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو سزائے موت جبکہ دیگر چھ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سرفراز شاہ کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے والے رینجرز کے اہلکار شاہد ظفر کو سزائے موت کا حکم سنایا۔ اس کے علاوہ ظفر شاہ پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔عدالت نے سرفراز شاہ کیس کے دیگر چھ ملزمان کو عمر قید اور دو دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جن کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے ان میں سب انسپکٹر باہو رحمان، ڈرائیور منٹھار علی، سپاہی لیاقت علی، محمد طارق اور محمد افضل اور پارک کے سکیورٹی گارڈ افسر خان شامل ہیں۔واضح رہے کہ29 جون کو ان ملزان پر فردِ جرم عائد کیا گیا تھا۔ فردِ جرم میں کہا گیا تھا کہ گیارہ جون دو ہزار گیارہ کو مقتول سرفراز شاھ کو شاہد ظفر نے فائر کرکے قتل کیا جو دہشت گردی کا عمل تھا۔ اس سے عوام میں خوف کا تاثر پیدا ہوا ہے۔تاہم تمام ملزمان نے الزام تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔ملزم شاہد ظفر کے وکیل شوکت حیات نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزمان دہشت گرد نہیں اور ان سے جرم سرزد نہیں ہوا۔

Leave a comment