اپوزیشن کی تحریک روکنےکیلئےمتحرک
چوہدری برادران حکومت کے خلاف اپوزیشن کی متوقع احتجاجی تحریک کا راستہ روکنے کے لیے سر گرم ہو گئے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کو تنہا کر نے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملک کی سیاسی صور تحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن کو مسلم لیگ(ن) سے دور رہنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے کہ متحدہ حزب اختلاف کا قیام صرف اور صرف پاکستان مسلم لیگ ن کے مفاد میں ہو گا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چوہدری برادران کے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور ملاقاتوں کا بنیادی مقصد متوقع گرینڈ الائنس کے حوالے سے جاری کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے مولانا فضل الرحمان بھی اپوزیشن کے وسیع تر اتحاد کے سلسلے میں متحرک ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں اس سلسلے میں ان کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان سے بھی رابطہ متوقع ہے۔ اپوزیشن کی وحدت میں دراڑیں ڈالنے کے لیے ہی چوہدری برادران نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی تھی۔تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری برادران نے مولانا فضل الرحمن کو سیاسی صورت حال کے حوالے سیکوئی اہم قدم نہ اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔
سٹاف رپورٹ