Published On: Tue, Jun 28th, 2011

گورنرسندھ، فیصل رضا یا ذوالفقارمرزا

Share This
Tags
کراچی میں آزاد کشمیر کی دو نشستوں پر انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے پر ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی، سینٹ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے استعفیٰ صدر آصف علی زرداری کو بھیج دیا ہے۔ گورنر سندھ کے ترجمان وجاہت علی نے ان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ استعفے کی منظوری تک تاہم وہ ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ عشرت العباد کے استعفیٰ کا فیصلہ زرداری کے آنے پر ہو گا۔ حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے وزراء اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اب ایم کیو ایم نے وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ ایم کیو ایم کی مرکزی رابطہ کمیٹی نے پیپلزپارٹی کی حکومت کے آمرانہ اقدامات کے پیش نظر طویل اجلاس میں کیا۔ اب ایم کیو ایم اپوزیشن میں رہ کر مثبت کردار ادا کرے گی۔ ہمارے علیحدہ ہونے سے بہت بڑا سیاسی طوفان کھڑا ہو گا۔ پیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں مگر اس کے باوجود 2008ء میں انتخابات کے بعد سب سے پہلے پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ان کی غیرمشروط حمایت کی گئی، الطاف حسین نے سب سے پہلے مبارکباد دی، پیپلزپارٹی نے دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہم نے خلوص کے ساتھ اس کا جواب دیا۔ ہم نے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور سندھ میں امن و بھائی چارے کے فروغ کے لئے پیپلزپارٹی کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ایم کیو ایم سے اتحاد کرتے وقت بہت سے وعدے کئے مگر ان پر عمل نہ کیا گیا، حکومت کی جانب سے بار بار وعدہ خلافیاں کی جاتی رہیں۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر کابینہ میں شامل ایم کیو ایم کے وزرا محض نام کے وزیر اور مشیر تھے جو اپنی وزارتوں میں کسی بھی قسم کا فیصلہ کرنے اور عوامی مفاد میں کسی بھی قسم کے اقدامات کرنے میں بے اختیار تھے کور کمیٹیوں کے اجلاس میں بار ہا ان مسائل کو اٹھایا جاتا رہا مگر اس پر توجہ نہ دی گئی۔ حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ رحمان ملک نے آزاد کشمیر کی مہاجرین کی کراچی میں دو نشستوں میں ایک مانگی اس سلسلے میں وہ رابطہ کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ کرتے رہے۔ جب ایم کیو ایم نے یہ نشست نہ دی تو جواب میں انہوں نے ان دونوں سیٹوں پر انتخابات ملتوی کرنے کی دھمکی دی اور انتخابات کے انعقاد سے صرف چوبیس گھنٹے پہلے انتخابات ملتوی کر دئیے۔ایم کیو ایم مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، دھونس دھمکی میں کل آئے ہیں نہ آئندہ آئیں گے، اقتدار ہماری منزل نہیں ہے، اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے وزراء نے گاڑیوں سے جھنڈے اتار دئیے ہیں اور حکومتی مراعات سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ سندھ کے 13وزراء اور ایک مشیر نے بھی استعفیٰ وزیراعلیٰ ہاؤس کو بھیج دیا ہے۔ عشرت العباد الطاف حسین سے ملاقات کے لئے لندن چلے گئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی سندھ میں گورنر کے عہدے کیلئے فیصل رضا عابدی اور ذوالفقار مرزا کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کے روئیے سے مفاہمت کیلئے زیادہ پْرامید نہیں۔

Leave a comment