بھارت نے6 پاکستانی قیدی رہا کردئیے،تشدد سے 5 کے ذہن مفلوج
بھارت کی جیلوں سے رہائی پانیوالے 6پاکستانی قیدی واہگہ بارڈر کے راستے وطن پہنچ چکے ہیں، بھارتی اہلکاروں کے بدترین تشدد سے پانچ افراد نیم پاگل ہو چکے ہیں۔ بھارتی جیلوں میں 2سے 7سال تک قید رہنے والے امجد علی، اصغر علی، اقبال صدیقی، محمد ارشد، ناران اور نصراللہ کو عدالتوں سے ملنے والی سزا مکمل ہونے کے بعد رہا کیا گیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق محمد ارشد نارنگ کے گاؤں مقبول پور میانی کا رہائشی ہے اور بھارت نے اسے 1996ء میں سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا، اسکے 2بھائی محمد اشرف اور غلام رسول اسکی جْدائی برداشت نہ کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء نارنگ کے ہی تین نوجوان عابد جھٹول، جمال اور لال دین 7برس قبل مویشی چراتے ہوئے غلطی سے سرحد عبور کر گئے تھے اور آج تک بھارتی حکام نے ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی۔