پاکستان میں داعش کا نیا کمانڈر حافظ سعیدخان کون ہے؟
پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیاں داعش کے افغانستان اور پاکستان کے نئے کمانڈر تک پہنچنے کیلئے سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق طالبان کے سابق ترجمان حافظ سعید خان کو حال ہی میں خطے کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے، وہ طالبان سے منحرف ہوگئے تھے۔ حافظ سعید خان چند روز قبل ایک ویڈیو میں ظاہر ہوئے تھے۔ داعش سے منسلک ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے نشر کئے جانے والے ایک آڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے نئے کمانڈر مقرر کردئیے گئے ہیں۔ سعید خان کا تعلق اورکزئی ایجنسی ہے اور وہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان اورکزئی ایجنسی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ 2013 ء میں حکیم اللہ محسود کے امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد وہ تحریک طالبان سے الگ ہو گئے تھے اور انہوں نے اپنی الگ تنظیم قائم کر لی تھی۔سعید خان کے ساتھ ویڈیو میں دو افغان طالبان کمانڈر بھی نظر آرہے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان دونوں میں شدت پسندوں کی حمایت حاصل کر رہے ہیں۔اس ویڈیو پیغام میں دولت اسلامیہ کی روایت کے مطابق موت کی دھمکیاں شامل تھیں۔ اس میں سعید خان کو دس افراد کے ایک گروہ کے ساتھ دکھایا گیا ہے جنہوں نے ان کے ہاتھ پر بیعت کر رکھی ہے۔ دولت اسلامیہ کی طرف سے ابو محمد العدنی نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ انہیں واقعی دولت اسلامیہ نے افغانستان اور پاکستان کیلئے اپنا کمانڈر مقرر کیا ہے۔العدنی نے اس ویڈیو پیغام میں سعودی شاہ عبداللہ کی موت کا ذکر کیا ہے تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ یہ پیغام نیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعید خان کو خراسان کا کمانڈر بنایا گیا ہے۔