کیا ہم ہندوستانیوں کی طرح اٹھ کھڑے ہوں گے؟
بھارت میں 16 دسمبر 2012 کو میڈیکل کی ایک 23 سالہ طالبہ دہلی کی ایک بس میں سوار ہوئی، اور اسے چند مردوں نے زبردست تشدد اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پھر اسے چلتی بس سے نیچے پھینک کر مرنے کے لیے چھوڑ دیا گیا۔
اس واقعے کے بعد غیر معمولی عوامی ردِ عمل دیکھنے میں آیا۔ ہندوستان بھر میں وسیع پیمانے پر مظاہرے اور احتجاج دیکھنے میں آئے۔ خواتین کی جانب معاشرے کے رویے، اور ان کے استحصال کے بارے میں زبردست بحثیں ہوئیں۔ جنسی تشدد کو اب چھپایا نہیں جاسکتا تھا، بلکہ اس کا سامنا کرنا تھا۔
جسٹس ورما کمیٹی، جسے نظام میں ترامیم کی تجویز کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، نے بہت مختصر عرصے میں ہی دور رس تجاویز پیش کر دیں۔ کئی تجاویز پر عملدرآمد کیا گیا، اور نتیجے میں خواتین کے تحفظ میں اجتماعی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ کئی اطلاعات کے مطابق اب زیادتی اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے معاملات پہلے سے زیادہ رپورٹ کیے جاتے ہیں۔
پاکستان میں خبر سامنے آئی کہ قصور کے نواحی گاؤں حسین خان والا میں بچوں سے بدفعلی کی ویڈیوز منظرِعام پر آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق 280 بچوں، جن میں سے زیادہ تر 14 سال سے کم عمر کے تھے، کا جنسی استحصال کیا گیا اور انہیں فلمایا گیا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ ویڈیوز 2006 اور اس کے بعد کی ہیں۔ ملزمان کا گروہ ان والدین کو ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کر کے لاکھوں روپے وصول کیا کرتا، اور عدم ادائیگی پر ویڈیو عام کر دینے کی دھمکیاں دیتا۔
یہ خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ اس استحصال کی وسعت اور ان کی شدت غیر معمولی ہے۔ لیکن حکام کی شرمناک خاموشی اتنی حیران کن نہیں ہے۔
اسکینڈل کے سامنے آتے ہے اس کا انکار کر دیا گیا، اور فوراً ہی کوششیں شروع کر دی گئیں کہ الزامات کو سازش قرار دیا جائے، اور اب جب کہ معاملہ کافی گرم ہوچکا ہے، تو کوششیں جاری ہیں کہ اس استحصال کی وسعت کو کمتر ثابت کیا جائے۔
لیکن بھلے ہی قصور میں بچوں سے زیادتی کا واقعہ بہت بڑے پیمانے پر پیش آیا ہے، بچوں سے زیادتی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ پاکستان میں بچوں کا استحصال ایک عام بات ہے، اور ہر کوئی ڈھکے چھپے طور پر اس بات پر یقین کرتا ہے، لیکن کھل کر کبھی اظہار نہیں کرتا۔ اس چیز کو اب تبدیل ہونا چاہیے۔
اس مسئلے پر بحث کی مکمل طور پر عدم موجودگی اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ اس نیند سے جاگا جائے جس نے کئی سالوں تک کئی بچوں کی معصومیت چھینی ہے۔
حکام کیا کر رہے ہیں اور کیا نہیں کر رہے، یہ سوال اس وسیع تر بحث کا حصہ نہیں جو ہونی چاہیے۔ سوال یہ ہے، کہ کیا یہ گھناؤنا واقعہ ہمیں ہماری اجتماعی نیند اور سستی سے جگا پائے گا؟ کیا یہ ہر بری چیز کو جھٹلا دینے والی ہماری سوچ کو تبدیل کر پائے گا؟
کچھ گرما گرم ٹاک شوز اور سیاسی جماعتوں کا پوائنٹ اسکورنگ میں ملوث ہونا مدد نہیں دے گا۔ ہمیں اٹھنا پڑے گا، اسی طرح جیسے ہندوستان اٹھ کھڑا ہوا تھا، اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں کو متاثر کرنے والی بیماری اب انہیں مزید متاثر نہ کرے۔
کیا ہم اس طرح سڑکوں پر نکلیں گے جس طرح دہلی کے لوگ نکلے، جس طرح بنگلور کے لوگ نکلے، جس طرح کولکتہ کے لوگ نکلے؟ کیا اسلام آباد، لاہور، اور کراچی اسی طرح کی ہمت نہیں کر سکتے؟
خدا جانتا ہے کہ ہم ان استحصال اور تشدد زدہ بچوں کے قرضدار ہیں، قوم کے وہ بیٹے اور بیٹیاں جن کی معصومیت ہمیشہ کے لیے لٹ چکی ہے۔
اگر ہم سب انصاف کے لیے باہر نکل پڑیں، اور اس طرح کی برائیوں اور ان کی پرورش کرنے والے نظام کو تباہ کر دیں، تو؟
کیا ہم نکلیں گے؟
محمد نوفل سلیمی
very nice artcilr
Akmal