’’میرے 18 کروڑ روپے کے واجبات ادا کرو‘‘شائستہ لودھی کاجیوانتظامیہ سے مطالبہ
قا نونی حق کے حصول کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہوں، میں نتائج کی ذمہ دار نہیں ، میر شکیل الرحمان کو دھمکی
معروف اینکر پرسن اور جیو انٹر ٹینمنٹ کے مارننگ شو کی میزبان شائستہ لودھی نے جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان سے ایک ای میل کے ذریعے ان کے ادارے کے ذمہ 18کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔میر شکیل الرحمان جنہیں ان کے ادارے میں ایم ایس آر کے نام سے پکارا جاتا ہے ،کے نام لکھی گئی مذکورہ ’’موسٹ موسٹ ارجنٹ‘‘ ای میل میں شائستہ لودھی نے میر شکیل الرحمان کو باور کرایا ہے کہ 14مئی 2014ء کے ان کے آخری مارننگ شو کے بعد انہیں دیگر چینلز کی جانب سے جیو ٹی وی اور ایم ایس آر کے خلاف بولنے کے عوض پرکشش آفرز موصول ہوئی لیکن انہوں نے ان پیش کشوں کو ٹھکرا دیا۔یاد رہے کہ 14مئی 2014ء کے مارننگ شو میں اداکارہ وینا ملک اور ان کے شوہر کے دوبارہ شادی کی رسم ادا کی گئی تھی جس میں ایک منقبت بھی پڑھی گئی جو حضرت علی کرم اللہ وجہہ اور حضرت فاطمہؓ کی شادی سے متعلق تھی۔اس پر ملک بھر میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور جیو انتظامیہ اس کے مالکان اور شو کی میزبان کے خلاف مختلف شہروں میں متعدد ایف آئی آر درج ہو گئیں۔عدالتوں نے میر شکیل الرحمان اور شائشہ لودھی کے ورانٹ گرفتاری جاری کرنے کے علاوہ ان کی جائیدادیں بھی قرق کرنے کے احکامات دے دیئے۔
مذکورہ ای میل میں شائستہ لودھی نے جیو انتظامیہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ 30 اکتوبر 2013ء کو نافذ العمل ہونے والے معاہدے کی رو سے جو بھی فریق اسے ایک سال کی مدت کے دوران ختم کرے گا وہ دوسرے فریق کو پانچ سال کی تنخواہ کے برابر ادائیگی کرے گا۔شائستہ لودھی کا کہنا ہے کہ انڈی پینڈنٹ میڈیا کارپوریشن کے ساتھ ہونے والے ان کے معاہدے کو چونکہ جیو انتظامیہ نے ایک سال مکمل ہونے سے قبل ختم کیا ہے، لہذا اس کی شق نمبر 28 پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں پانچ سال کی تنخواہ کے برابر ادائیگی کی جائے جو 18 کروڑ روپے بنتی ہے۔
شائستہ لودھی نے اپنی اس ای میل میں ایم ایس آر سے شکایت کی ہے کہ انہیں آخری تنخواہ بھی آدھی دی گئی اور کنٹریکٹ ختم کرنے کے ساتھ ہی جیو ٹی وی کی جانب سے دی گئی رہائش گاہ بھی خالی کرا لی گئی۔موسٹ موسٹ ارجنٹ ای میل میں اس عمل کو ظلم قرار دیتے ہوئے جیو انتظامیہ کے رویے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
ای میل کے آخر میں یہ امید ظاہر کی گئی ہے کہ ایم ایس آر اس مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے فوری طور پر شائستہ لودھی کی مدد کریں گے۔دوسری صورت میں متنبہ کیا گیا ہے کہ جیو انتظامیہ کی طرف سے اگر انہیں دیوار سے لگایا گیا تو اپنے قا نونی حق کے حصول کے لیے وہ کچھ بھی کر سکتی ہیں اور ظاہر ہے اس کے نتائج کی وہ ذمہ دار نہیں ہوں گی کیوں کہ تاحال وہ ان سے بچنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔
رپورٹ: مقبول ارشد