شی جن پنگ کے جاتے ہی چینی باشندوں کی سیکیورٹی فوج کے سپرد، میجر جنرل کی سربراہی میں 10ہزار فوجیوں پر مشتمل دستہ تیار، 5 ہزار کا تعلق پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ سے ہے،دستہ صرف جی ایچ کیو کو جوابدہ
پاکستان بھر میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی پاک فوج کے اسپیشل سیکیورٹی ڈویثرن کے سپرد کردی گئی۔
اس مقصد کیلئے پاکستان میں مقیم چینی ا نجےئر ز، پروجیکٹ ڈائریکٹرز، ماہرین اور دیگر باشندوں کی حفاظت کے لیے ایک اسپیشل سیکیورٹی ڈویڑن قائم کردیا گیا ہے۔فوجی ذرائع نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کی اور بتایا کہ رینجرز بھی اس سیکیورٹی پلان کا حصہ ہوگی۔
فوجی ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے 10 ہزار کا ایک فوجی دستہ تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ اس سیکیورٹی ڈویثرن کی سربراہی فوج کے میجر جنرل کریں گے، جسے براہ راست جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کو رپورٹ کرنا ہوگا۔
دس ہزار فوجی دستوں میں سے 5 ہزار کا تعلق پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ سے ہوگا، جو سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے لیے خصوصی طور پر تربیت یافتہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت سے ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی ماہرین کی سیکیورٹی کا معاملہ اٹھایا تھا، جس کے بعد صدر پاکستان کی جانب سے چینی صدر کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ اس حوالے سے فیصلہ کیا جا چکا ہے ، جس کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چینی صدر دو روزہ تاریخی دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے اور انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کیا۔چینی صدر کے دورے کے دوران پاکستان اور چین کے مابین کئی ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر بھی دستخط ہوئے۔
لاہور: فیکٹ رپورٹ