ایم ڈی پی ٹی وی کی طرف سے2ارب قرضہ کامطالبہ
پی ٹی وی کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کاپہلاواقعہ ہے کہ کسی ایم ڈی نے اتنی بڑی رقم کامطالبہ کیاہو
پاکستان ٹیلی ویڑن کے منیجنگ ڈائریکٹرمحمدمالک نے پی ٹی وی کی حالت بہتربنانے کے لئے2ارب روپے کاقرضہ حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں جبکہ دوسری طرف بھاری معاوضے پر3چیف آپریٹنگ افسروں کولانے پربھی کام کررہے ہیں۔بورڈآف ڈائریکٹرزنے قرضہ کی منظوری دینے سے صاف انکارکردیا۔تفصیلات کے مطابق محمدمالک نے بورڈآف ڈائریکٹرزکے اجلاس میں2ارب روپے قرضہ لینے کی تجویزپیش کردی جس پربورڈکے ارکان حیران پریشان رہ گئے۔ اجلاس سیکرٹری اطلاعات محمداعظم خان کی صدارت میں پی ٹی وی ہیڈکوارٹرمیں ہواجس میں پی ٹی وی کی خستہ حالت بہتربنانے کے لئے مختلف اقدامات اورتجاویزپربات چیت ہوئی ۔اس دوران محمدمالک نے2ارب قرضہ کی منظوری کامطالبہ کردیاجس پربورڈارکان کی اکثریت ان کامنہ دیکھنے لگی۔محمدمالک کاکہناتھا کہ اگر پی ٹی وی کو وقت کے تقاضوں کے مطابق بناناہے توپھرہمیں2ارب روپے کی ضرورت ہوگی۔بورڈنے ان کی دلیل سے اتفاق نہ کرتے ہوئے منظوری دینے سے انکارکردیا۔کیونکہ پی ٹی وی اتنابڑاقرضہ واپس نہیں کرسکے گا۔یادرہے کہ پی ٹی وی کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کاپہلاواقعہ ہے کہ کسی ایم ڈی نے اتنی بڑی رقم کامطالبہ کیا ہو۔
بورڈسے نامنظوری کے بعدبھی محمدمالک اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔یہاں قابل ذکربات یہ ہے کہ ایک طرف وہ مالی بحران اورسرمائے کی ضرورت پرزوردے رہے ہیں مگردوسری طرف بھاری معاوضے پر3چیف آپریٹنگ آفیسربھی لگاناچاہتے ہیں جوفنانس،پروگرامزاورمارکیٹنگ کے ہیڈہوں گے۔پی ٹی وی میں چیف آپریٹنگ آفیسرزکی تقرری بھی اپنی نوعیت کاپہلاواقعہ ہوگااوراگریہ دونوں کام ہوگئے تومحمدمالک یہ کام کرنے والے پہلے ایم ڈی بن جائیں گے مگردونوں کام ہونے کے امکانات معدوم نظرآرہے ہیں
رپورٹ: تزئین اختر