نواز شریف کی حمایت، پیپلز پارٹی میں اختلافات عروج پر پہنچ گئے
پیپلز پارٹی کی قیادت کو اپنے سندھ اور پنجاب کے کارکنوں میں شاید اختلافات کے باعث شدید پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ پنجاب کے ارکان نوازشریف کی کھلی حمایت پر مشتعل ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دونوں صوبوں کے کارکنوں میں اختلافات کو ختم کرنے کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں اور اب پی پی رہنما اپنے عوامی خطابات میں وضاحت کررہے ہیں کہ وہ جمہوریت کی سپورٹ کررہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف کی نہیں۔ پارٹی کے ایک سینئر رکن نے بتایا کہ پارٹی کارکنوں میں فاصلوں کو کم کرنے کیلئے پارٹی کے ناراض عناصر نے درمیانہ راستہ اختیار کرکے حکومت کی حمایت سے گریز کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف کی حمایت کا لیبل اتارنے کیلئے ہی پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ یوسف رضا گیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ پنجاب کے بڑے رہنماؤں نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو باور کرایا کہ نواز شریف کی مکمل حمایت سے مستقبل میں پارٹی پر برے اثرات پڑیں گے۔
رپورٹنگ ڈیسک