وزیر خزانہ اوراعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے معمولی انکم ٹیکس ادا کیا
اسلام آباد/سٹاف رپورٹ
حالیہ ٹیکس گوشواروں سے اس امر کی تصدیق ہوئی ہے کہ وزیر خزانہ سمیت حکومت کے کئی اعلیٰ عہدیداروں نے انتہائی معمولی انکم ٹیکس جمع کرایا ہے۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اپنے کسی بھی ماتحت سے کہیں کم رقم یعنی26,770روپے انکم ٹیکس جمع کرایا ہے۔ حفیظ شیخ کی طرح سینیٹر احمد علی(چیئر مین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے فنانس وریونیو) نے بھی2010-11ء کیلئے37068 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا ہے ان کو ایک امیر کبیر فارماسوٹیکل تاجر خیال کیا جاتاہے۔ چیئر مین سینیٹ فاروق نائیک نے اس سال85491روپے انکم ٹیکس جمع کرایا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے اس سال انکم ٹیکس میں کمی واقع ہوئی انہوں نے286,215روپے انکم ٹیکس جمع کرایا ہے جبکہ2007-08 ء میں انہوں نے 10لاکھ45ہزار427روپے انکم ٹیکس جمع کرایا تھا۔ سینیٹر فیصل رضا عابدی نے 27ہزار204روپے انکم ٹیکس کیس جمع کایا ہے۔ اتنا ہی ٹیکس ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے ادا کیا ہے۔