ہائے ایسی ذلت ، پاکستان بہتر معیار زندگی میں یمن اور سوڈان سے بھی پیچھے
لاہور/سٹاف رپورٹ
آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک پاکستان لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے حوالے سے عالمی سطح پہ 107 ویں نمبر پر ہے۔ جب کہ معاشی مسائل اور بدامنی کی وجہ سے پاکستانی عوام کو آگے بڑھنے اور خوشحال زندگی گزارنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان بہترزندگی میں یمن اورسوڈان سے بھی پیچھے رہ گیا ہے۔لیگا ٹم انسٹی ٹیوٹ آف لندن کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں عوام کو مواقع فراہم کرنے اور معیار زندگی بہتر بنانے کے حوالے سے دنیا کے 110 ممالک میں سے جنوبی ایشیا کا اہم ترین ملک پاکستان 107 ویں نمبر پر ہے جب کہ دنیا بھر میں مالی مسائل اور بدامنی جیسے مسائل کا شکار کئی ممالک کارکردگی میں پاکستان سے بہتر ہیں۔دی نیوز ٹرائب کو دستیاب رپورٹ کے مطابق سروے میں دنیا کے 110 ممالک کے لوگوں کی زندگی کا جائزہ لیا گیا، سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی عوام کی زندگی دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ مسائل کا شکار اور پریشانیوں میں گھری ہوئی ہے۔پاکستان لوگوں کو مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے دنیا کے 110 ممالک میں 86 ویں نمبر پر ہے جب کہ معاشی لحاظ اور صحت کی سہولتوں کے حوالے سے پاکستان کا 96 واں نمبر ہی، ملک میں کرپشن ، میرٹ کے قتل عام اور سفارش کی وجہ سے لوگوں کو آگے بڑھنے کے مواقع کم ملتے ہیں جس کے باعث محنتی اور اہل لوگوں کی زندگی میں بہتری نہیں آتی۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے 110 ممالک میں گڈ گورننس کے حوالے سے پاکستان 98 ویں نمبر پر ہے ، سماجی مسائل کے لحاظ سے 18 کروڑ آبادی والے ملک پاکستان کا 100 واں نمبر ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کرنے والا ملک پاکستان عام آدمی کے جان و مال کی حفاظت اور ملک میں امن قائم کرنے کے حوالے سے 109 ویں نمبر پر ہی، شخصی آزادی میں 104 اور تعلیمی لحاظ سے 105 ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی لوگ مذہبی روایات کے مطابق زندگی گزارنے سے مطمئن نظر آتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تعلیم اور صحت جیسی اہم بنیادی ضروریات کیلئے محدود بجٹ مختص کرنے سے لوگ بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔