ریلی کامعاوضہ‘متحدہ کو آزادکشمیر حکومت میں بھی شامل کر لیا گیا
کراچی میں صدر زرداری کی حمایت میں رینٹل ریلی نکالنے کے عوض متحدہ کو آزادکشمیر حکومت میں شامل کرلیا گیا۔ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے وزارت کا حلف اٹھالیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے بعد آزاد کشمیر حکومت میں بھی شامل ہوگئی ہے اور ایم کیو ایم کے آزاد کشمیر سے رکن اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے قانون ساز اسمبلی کے وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے ان سے آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب نے ایوان صدر مظفر آباد میں ایک تقریب کے دوران حلف لیا۔
ادھر کراچی سے سالک مجید کے مطابق حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ کی منظوری سے ایم کیو ایم کے وزیروں کو ان کی مرضی کے افسران ان کے محکموں میں فراہم کر دیئے ہیں۔ تعیناتی کے منتظر ہاشم رضا زیدی کو تیسری مرتبہ صوبائی محکمہ ہلتھ کا سیکرٹری بنانے کا نوٹیفکیشن پیر کو جاری کردیا گیا انہیں فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس جانے والے رضوان احمد کی جگہ سیکرٹری ہیلتھ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے ہاشم رضا زیدی کو ہی سیکرٹری ہیلتھ بنانے پر اصرار کیا تھا‘ دوسری طرف صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون کے محکمے میں بھی ایک بار پھر صالح فاروقی کو سیکرٹری تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا ہے۔