لعنت ہے ایسی زندگی پر! نوجوان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے خود کشی
اسلام آباد /وقار علی
غربت سے تنگ سندھ کے ایک غریب ہاری نے دل برداشتہ ہو کر پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے خود سوزی کرلی۔ تشویشناک حالت میں پمز اسپتال کے برن یونٹ میں منتقل کردیاگیا جہاں دوران علاج وہ دم توڑ گیا۔ روزگار کے حصول کے لیے غریب ہاری پارلیمنٹ لاجز میں پی پی کے رکن قومی اسمبلی ظفر علی شاہ سے ملاقات کی کوشش کرتا رہا۔ ہر بار مرکزی گیٹ پر پولیس کی جانب سے دھتکار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے علاقہ کنڈیارو کا جیالا راجا خان گزشتہ کئی روز سے اسلام آباد میں ملازمت کے حصول کے لیے آیا ہوا تھا۔ شاہراہ دستورپر پارلیمنٹ لاجز میں اپنے ہی علاقے کے ایم این ا ے ظفر علی شاہ سے ملنے کی کوشش کرتا رہا۔ پولیس نے اندر جانے کی اجازت نہ دی۔ پیر کو غربت سے تنگ آکر2 بچوں کے باپ نے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے وسیع سبزہ زار میں تیل چھڑک کر خود کوآگ لگا لی۔ آگ کے شعلے دیکھ کر شاہراہ سے گزرنے والے راہ گیروں نے جھلستے اس غریب ہاری پر چادر ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی اس دوران قریب ہی تعینات پولیس اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے اور اسے نازک حالت میں پمز اسپتال منتقل کردیا۔ راجا خان کے جسم کا 80 فیصد شدید متاثر ہوا ہے خود سوزی کرنے والے اس غریب ہاری کی جیب سے خط بھی برآمد ہوا ہے جس میں خود سوزی کی وجہ تنگدستی اور روزگار نہ ملنا تحر یر کیا گیاہے۔ غریب ہاری نے روزگار کے لیے اپنی کوششوں اور بعدازاں مایوسی کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔