Published On: Sat, Oct 22nd, 2011

مولوی فضل اللہ کی طرف سے سوات میں نئی جنگ کی دھمکی

Share This
Tags
پشاور/سٹاف رپورٹ
کالعدم تحریک طالبان سوات کے رہنما مولوی فضل اللہ نے افغانستان سے واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے وادی سوات میں نئی جنگ شروع کرنے کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ شریعت کے نفاذ کے لیے جانیں قربان کیں‘ گھربارچھوڑے‘ اب نہ صرف ملاکنڈ کے علاقے بلکہ پورے پاکستان میں شریعت کے نفاذ کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں کریں گے۔مولوی فضل اللہ کے ترجمان سراج الدین احمد نے ان کامؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی جانیں قربان کیں‘ شریعت کے لیے اپنے گھر چھوڑے‘ گاؤں چھوڑے‘ اب نہ صرف ملاکنڈ کے علاقے بلکہ پورے پاکستان میں شریعت کے نفاذ کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں ہم کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات بگڑنے پر پاکستانی حکمران ہمیشہ بعض لوگوں کے ذریعے ہم سے رابطہ کرتے ہیں اور ملک میں امن کی بحالی کے لیے مدد کی اپیل کرتے ہیں لیکن جب تعلقات ٹھیک ہو جاتے ہیں تو وہ اپنے وعدے بھول جاتے ہیں۔واضح رہے کہ مولوی فضل اللہ کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن پاکستان کے دورے پر ہیں۔ فضل اللہ سوات میں پاکستانی طالبان کاسربراہ تھا اور 2009ء4 میں فوجی آپریشن کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس کا کہنا ہے کہ مولوی فضل اللہ نے افغانستان کے صوبہ کنڑ جا کر اپنے گروپ کو پھر سے منظم کیا اور ٹھکانے بنائے اور ایک مرتبہ پھر پاکستان کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔پاکستان نے حال ہی میں شکایت کی تھی کہ افغان اور امریکی فورسز فضل اللہ کو نشانہ بنانے میں ناکام رہی ہیں جو سرحد پار کئی حملوں میں ملوث ہے۔

Leave a comment