بالی ووڈ کے نئے چہرے ، کتنے کامیاب ہوں گے؟
پاکستانی ایکٹریس اور سنگر سلمیٰ آغا کی بیٹی زارا خان اس سال سے بالی ووڈ کی فلموں سے اداکاری کی شروعات کررہی ہیں
کلچرل رپورٹر
بالی ووڈ میں نئے چہرے متعرف ہوتے ہی رہتے ہیں نئے نئے لوگ اپنی قسمت آزمانے کے لئے بالی ووڈ کا رخ کرتے ہیں ان میں کچھ تو کامیاب ہو جاتے ہیں اور زیادہ تر ناکام رہتے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی کئی نئے چہرے یہاں متعارف ہونے کے لئے بے قرار ہیں۔ انہی میں سے ایک سابق مس انڈیا پوجا گپتا ہیں جن کا خوبصورت اور بھولا بھالا چہرہ آپ یکم اپریل کو واشو بھاگوانی کی آنے والی فلم’ فالتو‘ میں دیکھ سکیں گے۔ یکم اپریل کو ہی ایک اور نئی فلم ’ گیم‘ ریلیز ہونے جارہی ہے جس کے ہیرو ابھیشیک بچن اور ہیروئن سارہ جین ڈیاز ہیں۔ سارہ دو علاقائی فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔ ایلیا بھٹ اس سال متعارف ہونے والا تیسرا نیا چہرہ ہوگا۔ ایلیا بھٹ، مہیش بھٹ کی بیٹی اور پوجا بھٹ کی بہن ہیں۔ آپ انہیں کرن جوہر کی اس سال ریلیز ہونے والی نئی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر‘ میں دیکھ سکیں گے اور اب ایک ایسا چہرہ جس کے بارے میں ‘فلمی پنڈتوں’ نے پیشگوئی کی ہے کہ یہ نوجوانوں کے ہوش اڑا دے گا۔ نرگس فخری!! انہیں آپ رنبیر کپور کے ساتھ نئی فلم ’روک اسٹار‘ میں رومانس کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ نرگس فخری امریکی شہری اور ماڈل ہیں۔ انہیں پورا بھارت کنگ فشر کلینڈرمیں دیکھ چکا ہے۔ اس کلینڈر پر بھارت میں خاصی لے دے ہوچکی ہے۔ آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ اس کلینڈر میں کیا ہوسکتا ہے۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ فخری بدنام ہوکر بھی خوب نام کما گئیں۔ کال اگروال علاقائی فلموں کی اداکارہ ہیں۔ ان کی ایک ہندی فلم’ کیوں! ہوگیا نہ‘ 2005 میں ریلیز ہوچکی ہے۔ فلم میں ان کے ہیرو اجے دیوگن تھے۔
الی یانہ بھی جنوبی بھارت سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کی نئی فلم ’برفی‘ کے نام سے ریلیزہونے جارہی ہے جس میں ان کے ساتھی فنکاروں میں پریانکا چوپڑا اور رنبیر کپور شامل ہیں۔ الی یانہ بھارت کی علاقائی زبانوں مثلا تیلگو، تامل اورکنڑفلموں میں کام کرتی رہی ہیں۔ گووندا کی بیٹی نرمدہ آہوجہ بھی بالی وڈ میں قدم جمانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اڑتی اڑتی خبر آئی ہے کہ ان کی پہلی فلم گووندا خود پروڈیوس کریں گے جبکہ سنجے لیلا بنسالی یا ڈیوڈ دھون اس فلم کو ڈائریکٹ کریں گے۔
آخر میں ایک چہرہ پاکستان سے۔۔۔ پاکستانی ایکٹریس اور سنگر سلمیٰ آغا کی بیٹی زارا خان اس سال سے بالی ووڈ کی فلموں سے اداکاری کی شروعات کررہی ہیں۔ انہوں نے اپنی ماں سے ورثے میں اداکاری اور گلوکاری کے کون کون سے ہنر حاصل کئے ہیں یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا اور یہ دیکھنا دلچسپ ہو گا کہ ان میں سے کون سا چہرہ ناظرین کے دل میں جگہ بنائے گا اور کون سے چہرے کو ناظرین نا پسند کریں گے۔آخر بالی ووڈ میں سب سے اہم کوئی ہے تو وہ ناظرین ہی ہے نا۔