پیغام

Posted By Fact On Wednesday, April 20th, 2011 With 0 Comments
یااللہ! ہم پر اپنی رحمتوں کا فیضان فرما۔ ہماری کوتاہیوں کو درگزر اور ہماری مشکلات کو آسان کرکے ہمیں اپنے مقصد میں کامیاب عطا فرما۔ ہمیں صرف وہی بات کہنے، کرنے اور لکھنے کی توفیق دے۔ جس میں تیری رضا اور بہتری ہو۔ تیرے دین کی سربلندی، قوم کی بیداری اور عالم اسلام کی بہبودی مضمر ہو یا اللہ! ہمیں ہمت دے کہ ہم تیری رضا کے مطابق معاشرے کی فلاح و بہبود، مظلوموں کی حمایت اور سچائی کے ساتھ لوگوں کو سچائی اور حقائق سے باخبر رکھ سکیں۔ یااللہ! ہماری یہ دعا قبول فرما۔ قبول فرما۔ آمین۔

پیارے قارئین! یہ وہ دعا ہے جو ہم نے اس کام کا بیڑا اٹھاتے ہوئے سچے دل سے 2003میں کی تھی۔ آج جب فیکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکاہے اور نئی ترامیم و اضافوں کے ساتھ آپ کے سامنے ہے تو قارئین آج بھی ہماری یہی دعا ہے ۔ اس عرصہ کے دوران قارئین کی طرف سے جو محبت اور حوصلہ افزائی ہمیں ملی اسے ہم فراموش نہیں کر سکتے کیونکہ اسی حوصلہ افزائی نے ہمارے قدم ڈگمگانے نہیں دییے ۔

فیکٹ دراصل ہماری محنت، جذبوں کی سچائی اور لگن کا وہ ثمر ہے جو قدرت نے ہمیں عطا فرمایا۔ آج جب ہم پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو رب جلیل کے فضل و کرم کے علاوہ ہمیں اپنے اداروں میں وہ سچائی بھی نظر آتی ہے جسے اہل عقل و دانش ’’جذبے‘‘ کا نام دیتے ہیں اور ہمارا ایمان اس بات پر اور پختہ ہو جاتا ہے کہ جذبے اگر سچے ہوں تو منزل خود بخود آسان ہو جاتی ہے۔ حقیقی معنوں میں ہمارے پاس جذبوں کی متاع کے سوا کچھ تھا بھی نہیں، بس ارادے تھے اور اللہ تعالیٰ کی بے پناہ نعمتوں اور کرم نوازیوں کا یقین تھا۔ ہم اس حوالے سے اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ہمارا خواب پورا ہو رہا ہے اور ہماری محنت آپ کے سامنے ہے۔ اپنے سفر کے دوران اب تک ہم سے اس مشن میں غلطیاں اور کوتاہیاں لاتعداد ہوئی ہوں گی ۔ لیکن یہ اللہ رب العزت کی شان ہے کہ وہ اپنے بندوں کی بے حساب غلطیاں بھی معاف کر دیتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آپ بھی ’’خالق و مالک‘‘ کی خوشنودی کے لئے ہماری غلطیوں کو معاف کر دیں گے۔ ہم بھٹکیں تو ہماری رہنمائی کیجئے گا اور اگر ٹھہریں تو چلنا سکھایئے گا۔ کیونکہ اب آپ ہی ہمارے وکیل ہیں اور آپ ہی ہمارے منصف۔ ہم بھی آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ اپنی دینی، ملی اور اخلاقی اقدار کے علمبردار رہیں گے۔ وہی کچھ چھاپیں گے جو ہم سچ سمجھیں گے۔آپ سے ہماری یہی التجا ہے کہ سچائی کے اس سفر میں ہمار ساتھ دیجئے گا۔